حزب اللہ میدان میں آگئی: خامنہ ای پر حملے کا بدلہ، اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے

بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جنگ میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پر حملے کے انتقام کے طور پر اسرائیل پر میزائل اور ڈرون فائر کر دیے۔

عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے ردِعمل میں اسرائیل کی جانب میزائل اور ڈرون داغے، حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی شہر حیفہ میں میزائل ڈیفنس سسٹم پر حملہ کیا، یہ حملہ ایرانی سپریم لیڈر پر حملے کے انتقام کے طور پر کیا گیا، اسرائیل لبنانی مقبوضہ علاقوں سے نکل جائے۔

حزب اللہ نے کہا کہ قیادت ہمیشہ اس بات پر زور دیتی آئی ہے کہ اسرائیلی حملوں کے تسلسل اور ہمارے قائدین، نوجوانوں اور عوام کے قتل نے ہمیں اپنے دفاع اور مناسب وقت اور مناسب جگہ پر جواب دینے کا حق دیا ہے۔

خیال رہے کہ حزب اللہ کی جانب سے میزائل اور ڈرون امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ فائر کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے پروجیکٹائلز کو ناکارہ بنا دیا گیا اور لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button