ماڈل مارٹ سرگودھا میں ایجوکیشنل فیملی پلاننگ ہیلتھ میلہ کا انعقاد

سرگودھا (رپورٹ:رانا اشرف) محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ سرگودہا کے زیر اہتمام ماڈل مارٹ سرگودھا میں ایجوکیشنل فیملی پلاننگ ہیلتھ میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ میلہ کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل نے کیا۔ میلے میں مختلف مقابلے اور سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں کراٹے شو، صحت مند بچوں اور ماﺅں کے مقابلے، پنجہ آزمائی، رسہ کشی اور میوزیکل چیئر شامل تھے۔ جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ محکمہ کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ اور انفارمیشن سٹالز بھی لگائے گئے، جن میں عوام الناس کو صحت مند زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل نے کہا کہ ایسے میلے عوام میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم ہیں۔ ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) عبدالرازق ڈھلوں نے کہا کہ میلے عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ملک آفتاب احمد اعوان نے میلہ میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔



