اسسٹنٹ کمشنر کاسول اسپتال مٹھی  کا دورہ، گندگی، بدانتظامی اور ادویات کی قلت پراظہار برہمی،رپورٹ ڈی سی کو ارسال

مٹھی(رپورٹ: میندھرو کاجھروي)عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف کو سول اسپتال مٹھی کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف نے سول اسپتال مٹھی پہنچ کر مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران ایمرجنسی وارڈ کی ابتر حالت دیکھ کر انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا، جہاں صفائی کے مناسب انتظامات موجود نہیں تھے۔ ہر وارڈ میں مریضوں کو مویشیوں کی طرح غیر انسانی حالات میں رکھا گیا تھا۔ وارڈز میں شدید بدبو اور مریضوں کے بستروں پر چادروں کی عدم موجودگی کے باعث خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

مزید برآں مریضوں کے لیے ضروری طبی سامان، جن میں ادویات، روئی، اسپرٹ، سرنجیں اور دیگر بنیادی اشیاء شامل ہیں، مناسب مقدار میں دستیاب نہیں تھیں، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے سخت نوٹس لیا۔ جب آکسیجن سلنڈروں میں آکسیجن لیول چیک کرنے والے آلات کے بارے میں استفسار کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اسپتال میں اس نوعیت کا کوئی آلہ موجود نہیں ہے۔

کئی مریضوں نے شکایت کی کہ انہیں مناسب علاج فراہم نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی مکمل ادویات دی جا رہی ہیں۔ بعض تیمارداروں نے بتایا کہ وہ مریضوں کے لیے دوائیں باہر کی میڈیکل اسٹورز سے خریدنے پر مجبور ہیں۔

ان تمام شکایات کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور کمشنر میرپورخاص کو تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سول اسپتال مٹھی بااثر افراد کے لیے عملی طور پر ایک نجی ڈہرہ بن چکا ہے۔ صفائی کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے، مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے جبکہ ادویات کی چوری کی شکایات بھی مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button