لاڑکانہ: شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام صحت کے شعبے میں نئی تحقیق پر مبنی دو روزہ کانفرنس کا آغاز

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام صحت کے شعبے میں نئی تحقیق اور جدید رجحانات پر مبنی دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کا افتتاح پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو نے کیا. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی تحقیق کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ایسی کانفرنسیں عوامی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں. ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے قائم یہ یونیورسٹی صحت کے شعبے میں کمیونٹی کی بہتر خدمت کر رہی ہے اور یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ صحت سے متعلق تحقیق کے میدان میں اس ادارے نے اپنی پہچان بنائی ہے۔ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر میر حسن کھوسو نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
کانفرنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عالم ابراہیم صدیقی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔تقریب میں پرو وائس چانسلر، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ، وائس چانسلر، یونیورسٹی آف لاڑکانہ پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ جبکہ بین الاقوامی وفود میں جاپان سے پروفیسر ڈاکٹر یوشیاکی تاکایا، ملائشیا سے پروفیسر ڈاکٹر شتریہ اسماعیل، پروفیسر ڈاکٹر وان روزلی وان اشاک، ڈاکٹر نیک احمد زکی، پروفیسر ڈاکٹر حسلینہ احمد، چین سے پروفیسر ڈاکٹر جون پینگ شامل ہیں، جنہوں نے اپنے ماہرانہ تجربات سے شرکاء کو مستفید کیا۔
افتتاحی سیشن میں پروفیسر علی حیدر بلوچ نے ووٹ آف تھینکس پیش کیا۔کانفرنس کے دوران کی نوٹ سیشنز، تحقیقی مقالہ جات اور پینل ڈسکشنز منعقد ہوئیں، جن میں جدید صحت ٹیکنالوجیز، عوامی صحت کے چیلنجز اور پالیسی ڈویلپمنٹ پر تفصیلی بحث کی گئی۔
کانفرنس میں بین الاقوامی وفود، ملک کی مختلف جامعات سے بڑی تعداد میں فیکلٹی ممبران، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے تمام شعبہ جات کے ڈینز، فیکلٹی افسران اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



