ہالا میں پولیس اہلکاروں و اہلِ خانہ کیلئے مفت میڈیکل کیمپ، 500 سے زائد مریضوں کا معائنہ

ہالا (رپورٹ: امجد راجپوت)ہالا جم خانہ میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو کے خصوصی تعاون سے ضلع مٹیاری پولیس کی جانب سے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کے علاج کے لیے ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ میں جنرل فزیشن، گائناکالوجسٹ، آنکھوں اور بچوں کے ماہر ڈاکٹروں سمیت دیگر شعبوں کی ڈاکٹرز اور ڈاکٹروں نے پانچ سو سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا، مختلف ٹیسٹ کیے اور مفت ادویات فراہم کیں۔
اس موقع پر ڈی ایس پی محمد یعقوب بُرڑو، ایس ایچ او حاجی ٹھارو خان بھٹی سمیت مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو نجی گاڑیوں کے ذریعے میڈیکل کیمپ تک پہنچایا جہاں ان کا علاج معالجہ کیا گیا۔
پولیس افسران کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے بیمار اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کے علاج کا بندوبست کرنا بھی ہماری اخلاقی اور ادارہ جاتی ذمہ داری ہے۔



