عمران خان کی 80 فیصد سے زائد بینائی ختم ہوگئی، انہیں ان کی مرضی کے اسپتال منتقل کیا جائے: محمود اچکزئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا سب سے بڑا مطالبہ اور نکتہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت ہے۔

قومی اسمبلی کے باہر عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دیے گئے دھرنے میں نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جمع رپورٹ کے مطابق عمران خان  کی بینائی 80 فیصد سے زائد ختم ہو گئی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کی مرضی کے کسی اسپتال منتقل کیا جائے۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی صحت سے متعلق پیشرفت کی جاتی ہے تو یہ دھرنا منتشر ہو جائے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو وقت کے ساتھ مزید مطالبے بھی شامل ہوتے چلے جائیں گے، اس حکومت کی اتنی غلطیاں ہیں کہ پھر دھرنے ہی دھرنے ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کو سب معلوم ہے، رانا ثنا اللہ سرکار کی طرف سے جواب دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نہ صرف سابق وزیراعظم بلکہ ایک انسان اور ایک قیدی بھی ہیں، ان  کی آنکھ ضائع ہو رہی ہے، آپ ان کو نزدیک ترین اسپتال منتقل کردیں، اسپتال کو سب جیل ڈیکلیئر کردیں اور انہیں علاج کی سہولت دیں۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ یہ 10 منٹ کی بھی بات نہیں کہ ایک ڈاکٹر جائے چیک اپ ہو اور انہیں شفٹ کر دیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ 2 ہفتے بعد صدر پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے، اگر یہی رویہ رہا تو پھر صدر ایوان میں کیسے خطاب کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ قصداً چاہتے ہیں کہ اس پارلیمنٹ میں ہنگامہ ہو،  پارلیمنٹ کمزور ہو اور یہاں ایوان کام نہ کرے۔

مزید خبریں

Back to top button