غیر صحت مند غذا،بیٹھے رہنے کی عادت اورذہنی دباؤ بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں،ڈاکٹر نعمان

وزیرآباد(نا مہ نگار)چناب یونیورسٹی گجرات کے شعبہ فارمیسی کی جانب سے ذیابیطس آگاہی سیمینار کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے معروف میڈیکل اسپیشلسٹ اور ماہرِ ذیابیطس ڈاکٹر نعمان رفیع راجپوت نے خصوصی لیکچر دیا۔
سیمینار میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور صحت سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ڈاکٹر نعمان رفیع راجپوت نے ذیابیطس کے بنیادی اسباب، علامات اور احتیاطی تدابیر کو نہایت سادہ اور جامع انداز میں بیان کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے ذیابیطس کے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غیر صحت مند غذا، بیٹھے رہنے کی عادت اور ذہنی دباؤ بیماری کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں،طلبہ کو صحت مند طرز زندگی اپنانے، ورزش کو معمول بنانے اور باقاعدہ چیک اپ کے ذریعے بیماری سے بچاؤ کی تلقین کی۔شرکاء نے ڈاکٹر نعمان کے لیکچر کو نہایت مفید، مؤثر اور عملی زندگی سے قریب قرار دیا اور الیکٹرانک فیڈ بیک کے ذریعے اپنی رضامندی کا اظہار کیا مثبت رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے چناب یونیورسٹی اور شعبہ فارمیسی نے فیصلہ کیا کہ مستقبل میں بھی ڈاکٹر نعمان رفیع راجپوت کو مزید میڈیکل لیکچرز کے لیے مدعو کیا جائے گا۔اختتام پر ڈاکٹر نعمان نے نوجوانوں سے گفتگو کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ذیابیطس کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔



