تاریخی سنگِ میل: ہرچرن سنگھ پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل بننے والے پہلے سکھ افسر

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)بابا گرو نانک کی دھرتی ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے ہرچرن سنگھ نے تاریخ رقم کر دی، وہ پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے سکھ افسر بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پہلے سکھ کمیشنڈ افسر ہرچرن سنگھ کو حال ہی میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جو پاک فوج میں اقلیتوں کے لیے مساوی مواقع کی ایک روشن مثال ہے۔
ہرچرن سنگھ کے آبا و اجداد نے تقسیمِ ہند کے بعد بھارت سے ہجرت کر کے پہلے کوہاٹ اور بعد ازاں ننکانہ صاحب میں سکونت اختیار کی۔ انہوں نے ایف سی کالج لاہور سے ایف ایس سی مکمل کرنے کے بعد پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شمولیت اختیار کی اور 27 اکتوبر 2007ء کو پاک فوج کے پہلے سکھ کمیشنڈ افسر بنے۔
پاک فوج میں افسران کی بھرتی کے عمل میں مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں کی جاتی اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اب تک تقریباً 22 غیر مسلم فوجیوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جو قومی یکجہتی اور قربانی کی اعلیٰ مثال ہے۔



