حماس کا پاک افغان کشیدگی پر تشویش کا اظہار، تحمل اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور

غزہ(جانوڈاٹ پی کے)فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا پاکستان اور افغانستان کی طالبان رجیم کے درمیان جاری کشیدگی پر بیان سامنے آگیا۔
بیان میں حماس کی جانب سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام کو جو چیزیں جوڑتی ہیں وہ کسی بھی عارضی اختلاف سے کہیں زیادہ اہم ہیں، اس لیے فریقین کو چاہیے کہ وہ بات چیت کا راستہ اختیار کریں، قومی مفادات کو مقدم رکھیں اور اختلافات کو ختم کر کے امن و استحکام کے قیام اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
حماس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں جب صیہونی ریاست غزہ میں اپنے جرائم کے بعد عالمی تنہائی کو توڑنے کے لیے نئے اتحاد بنانے کی کوشش کر رہی ہے، امت کو اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، اس لیے موجودہ صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ اسلامی ممالک باہمی تعاون کو فروغ دیں۔



