نام نہاد سیاست دان جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو قتل کر رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی  حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں چند طاقت  ور مزید طاقت ور ہوتے چلے جا رہے ہیں ، پاکستان پر  وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا کنسورشیم مسلط ہے۔

کراچی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ نام نہاد سیاست دان جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو قتل کر رہے ہیں، اپنی جماعتوں میں جمہوریت قائم نہ کرنے والے ملک پر حکومت کر رہے ہیں، اس نظام سے نجات کے لیے طویل اور تیز جدوجہد ناگزیر ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر وڈیروں ، جاگیرداروں  اور سرمایہ داروں کا کنسورشیم مسلط ہے،  یہ کنسورشیم پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی بولی لگاتا ہے،  اس نظام سے نجات کے لیے طویل جدوجہد ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  قومی ائیر لائن جو کبھی فخر تھی آج زوال کی مثال بن چکی ہے،  قومی ائیر لائن کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا اور اب اسی تباہی کو نجکاری کا جواز بنایا جا رہا ہے،  پہلے اداروں میں لوٹ مار کی گئی، کرپشن ہوئی اور جعلی بھرتیاں کی گئیں، پھر جب ادارے خسارے میں چلے گئے تو کہا گیا کہ ان سے جان چھڑا لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ  یہ نجکاری نہیں بلکہ قومی اداروں کی لوٹ سیل ہے، حکومت ایک طرف پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کی بات کرتی ہے لیکن دوسری طرف صنعت کو گیس، پانی اور بجلی فراہم نہیں کی جاتی اور بھاری ٹیکس لگا کر انڈسٹری کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button