جماعت اسلامی کا پیٹرول لیوی کیخلاف 7 اگست کو 510 مقامات پر دھرنوں اور سڑکیں بند کرنے کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوام پر مزید ظلم برداشت نہیں، پیٹرول 225 روپے لیٹر کیا جائے۔ جمعہ (7 اگست) کو ملک کے 510 مقامات پر پُرامن دھرنے ہوں گے، سڑکیں بند کریں گے، صرف ایمبولینس کو راستہ ملے گا۔ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو لیوی کے خلاف احتجاج حکومت گراؤ تحریک میں بدل دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام وحدت روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کے مطالبات پورے کرنا ہوں گے۔ حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو حالات کی تمام تر ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ہے جس سے ہر فرد شدید پریشان ہے۔ غریب آدمی سے ایک لیٹر پیٹرول پر 125 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگی حالات کے دوران عالمی مارکیٹ کا بہانہ بنا کر قیمتیں بڑھائی گئیں، جنگ ختم ہونے کے بعد جب قیمت 74 ڈالر فی بیرل ہو گئی تب بھی پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پرانی سطح پر نہیں لائی گئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے فارم 47 کے حکمرانوں کے پاس قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہے، یہ عوام کا دکھ اور تکلیف نہیں سمجھ سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو گھر کا کچن چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ گھر چلانے کے لیے اپنے زیورات بیچنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں۔ آئی ایم ایف حکمرانوں کو یہ بھی کہتا ہے کہ اپنے اخراجات کم کرو، لیکن یہ بات انہیں سنائی نہیں دیتی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جمعہ کو شام 4 بجے لاکھوں افراد حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر ہوں گے، تمام شہروں میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔



