شہدادکوٹ میں گرو بابا ملگ شاہ جی کا 44واں سالانہ میلہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) شہدادکوٹ میں گرو بابا ملگ شاہ جی کا 44واں سالانہ میلہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ میلے میں ملک بھر سے آئے عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

میلے کے دوران زائرین کے لیے تین روزہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر عقیدت مندوں کی جانب سے مذہبی رسومات ادا کی گئیں جبکہ مہمانوں کے لیے کھانے پینے کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا۔

یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر ارون کاگڑا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدادکوٹ کی والمک برادری ہر سال اس میلے کے دوران تین دن تک آنے والے مہمانوں کے لیے خصوصی طور پر کھانے پینے اور رہائش کا انتظام کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میلے کی ابتدائی رسم والمک قوم کا پرچم لہرا کر ادا کی جاتی ہے، جس کے بعد مختلف مذہبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز ہوتا ہے۔

ارون کاگڑا نے مزید کہا کہ میلے میں آنے والے مہمانوں کی حفاظت اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ انہوں نے خصوصاً ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے۔

شہدادکوٹ پنچائت کے رہنماؤں بالے رام، شوریش رام، اُمیش کمار اور ندیم رام نے نوجوان انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ نوجوان نسل اس روایت کو آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button