سانحہ گل پلازہ: عدالتی کمیشن کیلئے ٹی او آر طلب

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو جوابی خط ارسال کر دیا ہے۔
رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے چیف جسٹس کی ہدایت پر عدالتی کمیشن کے قیام کے لیے ٹی او آر (Terms of Reference) طلب کیے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ انکوائری کمیشن کے ٹی او آر سندھ ہائی کورٹ کو ارسال کریں تاکہ قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
سندھ ہائی کورٹ نے گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری کو بھی جواب ارسال کیا ہے اور واضح کیا کہ گورنر کا خط سپریم کورٹ کے 2023 کے فیصلے کے مطابق نہیں ہے، اور درخواست کی منظوری اس وقت تک ممکن نہیں جب تک قانونی طریقہ کار اختیار نہ کیا جائے۔ عدالت نے زور دیا کہ عوامی اہمیت کے معاملات میں باضابطہ انکوائری کے لیے حکومت کسی جج یا قانونی ماہر کی تقرری کرے۔
سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 79 افراد میں سے 69 کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ کمشنر کراچی کے مطابق دیگر 10 لاشوں میں سے 3 کا ڈی این اے کیا جا رہا ہے جبکہ سات افراد کے ورثا کی تلاش جاری ہے۔



