کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک، 86 لاپتہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)شہر قائد کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کو لگنے والی آگ کے نتیجے میں اب تک 30 افراد دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 86 افراد لاپتہ ہیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے سے مزید ایک نعش ملی ہے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک پہنچ گئی۔

پولیس سرجن کے مطابق 11 نعشوں کی شناخت ہو چکی ہے اور ڈی این اے سیمپلز لیے گئے، جبکہ 51 لواحقین کے نمونے بھی جمع کیے جا چکے ہیں۔ لاپتہ شہریوں میں حال ہی میں 65 سالہ جہانگیر شاہ کا نام شامل کیا گیا، جس سے لاپتہ افراد کی تعداد 86 ہوگئی۔

گل پلازہ میں سرچ آپریشن جاری ہے، گراؤنڈ، میزنائن اور فرسٹ فلور کلیئر کر دیے گئے ہیں۔ عمارت کا 40 فیصد سے زائد حصہ گر چکا ہے، اور باقی ڈھانچہ کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔ چھت سے 32 گاڑیاں اور بڑے جنریٹرز بھی اتار لیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ “جب تک ایک بھی لاپتہ شخص موجود ہے، عمارت کو نہیں گرا سکتے۔” انہوں نے بتایا کہ پانچویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تکنیکی مسائل کے باوجود ملبہ ہٹانے اور نعشوں کی شناخت کے لیے کام جاری ہے۔

مزید بتایا گیا کہ برابر واقع رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور ایس بی سی اے سے نقشے اور دیگر معلومات طلب کر لی گئی ہیں تاکہ ریسکیو آپریشن محفوظ اور مؤثر طریقے سے مکمل ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button