گل پلازہ سانحہ: جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہو گئی، سرچ آپریشن آخری مراحل میں داخل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی کے گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 71 ہو گئی ہے، جبکہ عمارت کو نوے فیصد تک کلیئر کر لیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 82 افراد میں سے اب صرف 11 لاپتہ رہ گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سرچ آپریشن آج رات تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق سنارکل کی مدد سے ریسکیو ٹیمیں دوبارہ بالائی منزل میں داخل ہوئیں، تاہم عمارت کے انتہائی حساس حصے میں تاحال سرچ آپریشن شروع نہیں کیا جا سکا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق اب تک 16 جاں بحق افراد کی شناخت ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاشیں بری طرح جل جانے کے باعث ڈی این اے کے ذریعے شناخت کا عمل پیچیدہ ہو گیا ہے۔ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے امدادی رقم کے اجرا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ 8 افراد کے لواحقین کے کوائف مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی نے بتایا کہ امداد کے لیے تمام کیسز سندھ حکومت کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گل پلازہ سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔



