سینئر وزیر شرجیل میمن اور وزیر داخلہ سندھ نے ایکسپو سینٹر کراچی میں گل پلازہ بازار کا باضابطہ افتتاح کردیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے ایکسپو سینٹر کراچی میں گل پلازہ بازار کا باضابطہ افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں آمد کے موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر اور بی ایم جی کے سربراہ زبیر موتی والا نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بھی تقریب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ دکانداروں کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کے اشتراک سے اسٹالز قائم کیے گئے ہیں اور آئندہ عید تک وہ اپنی دکانوں میں بحالی کے ساتھ کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس ہمیشہ تاجروں کے لیے ایک آئیکون رہا ہے اور ٹمبر مارکیٹ واقعے کے متاثرین کی مدد بھی اسی کے ذریعے کی گئی۔ سندھ حکومت نے متاثرین گل پلازہ کی مکمل مدد فراہم کی اور ہمیشہ تاجر برادری اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے، باوجود اس کے کہ ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی ہے اور وہ دن دور نہیں جب شہر خطے کا کامیاب شہر بنے گا۔
ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی سے سیاسی اختلاف یا جھگڑا ہے، ہم نئے گورنر کو ویلکم کرتے ہیں، ہم گورنر کے ساتھ تعاون کریں گے، سب نے مل کر ملک کو آگے لے جانا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ پولیس کی تعیناتی کو بہتر بنانے کے لیے غیر ضروری سیکورٹی واپس لی جا رہی ہے اور رمضان کے موقع پر یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوامی تحفظ اور انتظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر زبیر موتی والا نے فریال تالپور کی مدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فریال تالپور نے گل پلازہ کے متاثرین کی معاونت میں اہم کردار ادا کیا، متاثرہ دکانداروں کے لیے وہی جگہ گل پلازہ میں دوبارہ فراہم کی جائے گی انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں، جنہوں نے ایکسپو سینٹر کے چارجز معاف کیے۔



