سندھ کابینہ نے متاثرین سانحہ گل پلازہ کیلئے7 ارب روپے کی منظوری دیدی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دیدی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کابینہ نے ضروری اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنےکیلئے اختیارات منظورکرلیے جس بعد ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت فوری جرمانہ اور کارروائی کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے، عوام کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے، سخت نگرانی جاری رکھیں گے اور ماہ رمضان میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
مزید براں سندھ کابینہ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی فنانس کمیٹی کی سفارشات منظور کرلیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق شہرکی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ گل پلازہ کے متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دی گئی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی آئی چندریگرروڈ پر تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے ایک ارب 57 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ اور کچے کے علاقوں میں آپریشن کیلئے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ اجلاس میں نوجوانوں کی تربیت کیلئے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز 2 کے تحت 90 کروڑ روپےکی منظوری بھی دی گئی۔



