کراچی:گل پلازہ میں لگی آگ بے قابو، 3 افراد جاں بحق، 15 زخمی، کئی افراد کی عمارت میں پھنسے ہونیکی اطلاع

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آگ لگی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ کئی افراد کے عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے 3 افراد جاں بحق اور15 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں اورگودام آگ کی لپیٹ میں ہیں، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائرٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں، پھنسے ہوئے افراد کو اسنارکل کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق شاپنگ پلازہ پر لگی آگ تیسری منزل تک پہنچ گئی ہے اور گل پلازہ میں بیسمنٹ مارکیٹ بھی موجود ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 حسان الحسیب خان نے بتایا کہ گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آتشزدگی کی اطلاع ملی ہے اور سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بیان میں بتایا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی ہے اور سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوع پر روانہ کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button