خلیج فارس میں جہاز پر پھنسے پاکستانی ورکرکے والد نے حکومت پاکستان سے مددکی اپیل کردی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے کے بعد خلیج فارس میں رکے جہاز پر کئی پاکستانی پھنس کر رہ گئے ہیں۔ ایک جہاز پر پھنسے پاکستانی ورکر سعد محبوب کے والد نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی ہے۔
محبوب انور نے وزارت خارجہ کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے سعد محبوب کو فوراً پاکستان واپس لایا جائے۔
نجی ٹی وی سےگفتگو محبوب انور کا کہنا تھاکہ میرا بیٹا پرگیس (PERGAS) نامی جہاز پر تعینات ہے ، خلیج فارس میں کئی جہاز امریکی حملے میں ڈوب چکے ہیں، میرے بیٹے سعد محبوب سمیت چار پاکستانی پرگیس نامی جہاز پر ہیں، ان سب کی جانیں خطرے میں ہیں۔
محبوب انور کے مطابق جہاز خلیج فارس میں ایرانی جزیرہ کیش کے قریب کھلے سمندر میں لنگر انداز ہے، جہاز پرشین گلف شپنگ اینڈ میرین ایجنسی کی ملکیت ہے، جہاز پر 15 دن بعد راشن پہنچایا جاتا ہے، جنگ کی وجہ سے راشن نہیں پہنچا، جہاز پر کھانے پینے کا سامان تقریباً ختم ہو چکا ہے، عملہ فاقہ کشی پر مجبور ہے۔
محبوب انور کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور فون سگنلز خراب ہونے کی وجہ بیٹے سے رابطہ بھی نہیں ہو رہا، خلیج فارس میں پھنسے درجنوں جہازوں پر بڑی تعداد میں پاکستانی ورکرز موجود ہیں، حکومت پاکستان میرے بیٹے سمیت تمام پاکستانیوں کو فوری وطن واپس لائے۔



