امریکا میں 37 سالہ مادہ گھوڑی نے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

ورجینیا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں ایک پالتو گھوڑی نے عمر کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے دنیا کی معمر ترین مادہ گھوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ گھوڑی 37 برس اور 329 دن کی عمر میں گینیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بن گئی۔
امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی پیج سِگمن بلومر کی پالتو گھوڑی فینسی یکم اپریل 1988 کو پیدا ہوئی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ فینسی اور اس کی مالکن کی تاریخِ پیدائش ایک ہی دن ہے، اور دونوں کی رفاقت بھی کئی دہائیوں پر محیط ہے۔
پیج سِگمن بلومر کے مطابق وہ اور فینسی اُس وقت سے ساتھ ہیں جب پیج کی عمر آٹھ برس اور فینسی کی عمر 12 برس تھی۔ برسوں پر محیط یہ رشتہ دوستی، محبت اور وفاداری کی ایک نادر مثال بن چکا ہے۔
پیج نے فینسی کی عمر سے متعلق تمام مستند شواہد گینیز ورلڈ ریکارڈز میں جمع کروائے، جس کے بعد فینسی کو دنیا کی معمر ترین مادہ گھوڑی کا اعزاز دے دیا گیا، جبکہ سابق ریکارڈ بھی پیچھے رہ گیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے پیج نے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ فینسی کو صحت کے مسائل کا سامنا ضرور رہا، لیکن اس نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور آج بھی مضبوط ارادے کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے۔



