گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکیاں ناقابل قبول، ڈنمارک کا امریکا کو دوٹوک پیغام

کوپن ہیگن (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈنمارک نے گرین لینڈ پر قبضے سے متعلق امریکی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔

ڈینش وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے بعد دنیا ایک تاریخی موڑ پر کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں نے نیٹو اتحاد کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں اور اگر امریکا نے نیٹو سے منہ موڑا تو اس کے نتائج سب کے لیے تباہ کن ہوں گے۔

میٹ فریڈرکسن نے واضح کیا کہ اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو ڈنمارک کی جانب سے دفاع کے لیے مکمل تیاری موجود ہے۔

اس سے قبل ڈنمارک کے وزیر دفاع نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ گرین لینڈ پر کسی بھی حملے کی صورت میں پہلے جواب دیا جائے گا اور سوال بعد میں پوچھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کی صورت میں مسلح افواج احکامات کے انتظار کے بغیر فوری کارروائی کریں گی کیونکہ گرین لینڈ ڈنمارک کے اندر ایک خود مختار علاقہ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سات یورپی ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ گرین لینڈ کے مستقبل سے متعلق فیصلہ کرنے کا حق صرف گرین لینڈ اور ڈنمارک کو حاصل ہے۔

دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے یورپی رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یورپ گرین لینڈ کی سکیورٹی کو سنجیدگی سے نہ لے تو امریکا کارروائی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ عالمی میزائل دفاعی نظام کے لیے نہایت اہم ہے اور بعض مخالف طاقتیں وہاں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button