ٹرمپ نے گرین لینڈ پر حملے کے منصوبے کی تیاری کا حکم دے دیا، برطانوی میڈیا کا دعویٰ

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ پر ممکنہ فوجی حملے کے منصوبے کی تیاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں، تاہم امریکی عسکری قیادت کے سینئر افسران اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں۔
برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ امریکی صدر نے جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ کو حکم دیا ہے کہ وہ حملے کی منصوبہ بندی تیارکریں تاہم جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی جانب سے اس منصوبے کی مخالفت کی جارہی ہے، ان کے نزدیک یہ عمل غیرقانونی ہوگا اور کانگریس اس کی حمایت نہیں کرے گی۔
اخبار کے مطابق امریکی فوج کے اعلیٰ حکام گرین لینڈ پر حملے کو غیر دانشمندانہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ صدر ٹرمپ کے قریبی مشیر اسٹیفن ملر سمیت بعض اعلیٰ حکومتی اہلکار اس اقدام کے حامی ہیں۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ مڈٹرم انتخابات سے قبل ووٹرز کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹانے کے لیے اس طرح کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گرین لینڈ پر حملے کی صورت میں امریکا اور برطانیہ کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہو سکتے ہیں۔
برطانوی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ پر حملہ کیا تو نیٹو اتحاد کو سنگین خطرات لاحق ہو جائیں گے، جبکہ ڈنمارک کی جانب سے امریکا کو گرین لینڈ تک مکمل رسائی دینے کا امکان بھی موجود ہے، جس سے سفارتی صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین اس پر قبضہ نہ کرسکیں۔



