امریکی دھمکیوں کے بعد یورپ اور کینیڈا کا گرین لینڈ کی حمایت کا اعلان

ڈنمارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی دھمکیوں کے جواب میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت یورپ کی بڑی طاقتوں اور کینیڈا نےگرین لینڈکی حمایت کا اعلان کردیا۔
ڈنمارک کے زیر انتظام گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی امریکی دھمکیوں کے بعد امریکا کے اپنے قریبی اتحادیوں نے ہی گرین لینڈکی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آرکٹک جزیرہ وہاں کے عوام کی ملکیت ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ اور ان کے مشیر گرین لینڈ حاصل کرنےکے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں، جن میں ڈنمارک سے یہ علاقہ خریدنے، جزیرے کے ساتھ آزادانہ وابستگی کا معاہدہ کرنے اور حتیٰ کہ عسکری آپشن پر غور بھی شامل ہے ۔
وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر نے ڈنمارک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین سے متعلق خدشات مسترد کرتے ہوئےکہا ہےکہ دنیا عملی طور پر طاقت اور قوت کے اصولوں پر چلتی ہے ۔ اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ارکانِ کانگرس کو بتایا کہ صدر ٹرمپ گرین لینڈ پر حملہ کرنے کے بجائے اسے خریدنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔
ان بیانات پر ڈنمارک نے اپنے ردعمل میں کہا ہےکہ یہ تاثر درست نہیں کہ گرین لینڈ چینی سرمایہ کاری یا جنگی جہازوں سے بھرا ہوا ہے، تاہم جزیرے پر امریکا کی مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائےگا۔
دوسری جانب گرین لینڈ کی حکومت نے کہا ہے کہ اس نے ڈنمارک کے ساتھ مل کر امریکی وزیرِ خارجہ سے صورتحال پر فوری ملاقات کی درخواست کی ہے۔
گرین لینڈ کے وزیرِ اعظم جینز فریڈرک نیلسن نے یورپی رہنماؤں کے اظہار یکجہتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکا سے احترام پر مبنی مکالمے کی اپیل کی ہے اور واضح کیا ہےکہ گرین لینڈ کا موازنہ وینزویلا سے نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ گرین لینڈ ایک جمہوری معاشرہ ہے۔



