کالعدم تنظیموں کے خلاف ملک گیر گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)ملک میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کالعدم تنظیموں کے خلاف ملک گیر گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس نے شرکت کی، جہاں پولیس حکام نے اپنے اپنے صوبوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران کالعدم تنظیم (داعش) کی پاکستان میں ممکنہ موجودگی اور اس کے نیٹ ورک سے متعلق خدشات پر بھی سنجیدگی سے غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے سلیپر سیلز کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مربوط آپریشنل حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس سے قبل پولیس لائن اسلام آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کی مؤثر سکیورٹی کے لیے پولیس کو ہر وقت الرٹ رہنا ہوگا۔

انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ تھانوں میں شہریوں کے ساتھ رویہ خوشگوار اور پیشہ ورانہ ہونا چاہیے، جبکہ پولیس فورس میں بدعنوان عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس میں کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button