لاڑکانہ: کاچھو میں پولیس کا گرینڈ آپریشن، پوست کی فصل تلف کردی

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو، نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)قمبر شہدادکوٹ میں پولیس نے ضلع کے کاچھو کے علاقوں میں پوپی (پوست) کی فصل کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر ایس ڈی پی او قمبر سرفراز احمد پیچوہو اور ایس ڈی پی او وارھ بختیار احمد ملک کی قیادت میں تھانہ غیبی دیرو، ڈرگھ، فتح حیات میکن اور تھانہ حمل کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے باجک جبل، سیتا کی ڈاٹ، سیتلی جبل، کونکر گوٹھ اور راہوجا آٹھیہ کے علاقوں میں کئی ایکڑ پر مشتمل پوپی کی فصل تلف کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)، رینجرز، ریونیو ڈپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و نمائندے بھی شریک ہیں۔ گرینڈ آپریشن 20 فروری تک جاری رہے گا جبکہ پوپی کی کاشت میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ضلع قمبر شہدادکوٹ کو منشیات سے پاک کرنا اور عوام کو منشیات جیسے ناسور سے نجات دلانا ہے۔



