سرکاری ملازمین کیلئے سیاسی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے سرکاری ملازمین کے لیے سیاسی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا استعمال سے متعلق واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین کسی بھی سیاسی جلسے، جلوس یا اجتماع میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی اپنے عہدے یا سرکاری حیثیت کو سیاسی اثر و رسوخ کے لیے استعمال کر سکیں گے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین پر ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی کسی قسم کی سیاسی تشہیر، حمایت یا مخالفت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی اقدامات شامل ہوں گے۔



