لوئر دیر: خاتون نے بیک وقت تین بچوں کو جنم دے دیا

لوئر دیر(جانوڈاٹ پی کے) تیمرگرہ کے علاقے میں واقع ایک نجی اسپتال میں داخل خاتون نے بیک وقت تین بچوں کو جنم دے کر اہلِ خانہ کو خوشی سے نہال کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زچہ اور تینوں نوزائیدہ بچے صحت مند ہیں۔ پیدائش کے فوراً بعد بچوں کو اسپتال کے خصوصی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی نگرانی جاری ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون نے نارمل ڈیلیوری کے ذریعے ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو جنم دیا۔ تمام طبی سہولیات صحت سہولت کارڈ کے تحت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اس عمل کو تین لیڈی ڈاکٹروں کی ٹیم نے کامیابی سے مکمل کیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ یہ خاتون کے پہلے بچے ہیں۔
بیک وقت تین بچوں کی پیدائش پر اہلِ خانہ نے شکرانے کے نوافل ادا کیے اور اسپتال میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اہلِ علاقہ اور شہریوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گھر میں عید جیسا سماں ہے۔



