پاکستان میں سونا مزید سستا ہوگیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان میں جمعہ کے روز سونے کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی، جو عالمی مارکیٹ میں ہونے والی گراوٹ کے بعد سامنے آئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 2000 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 31 ہزار 862 روپے پر فروخت ہوا۔ اسی طرح 10 گرام سونا بھی 1714 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 70 ہزار 252 روپے پر بند ہوا۔
ایک روز قبل (جمعرات) بھی سونے کی قیمت میں فی تولہ 3500 روپے کی کمی واقع ہوئی تھی، جس کے بعد قیمت 4 لاکھ 33 ہزار 862 روپے رہ گئی تھی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں کمی دیکھی گئی۔ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونا 4095 ڈالر (20 ڈالر پریمیم سمیت) پر بند ہوا، جو ایک روز میں 20 ڈالر کی کمی ظاہر کرتا ہے۔
مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں بھی کمی آئی، جہاں فی تولہ نرخ 43 روپے کم ہو کر 5067 روپے رہ گیا۔
اس گراوٹ کی بڑی وجہ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور امریکہ کی مہنگائی رپورٹ سے قبل سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ بتایا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر اسپاٹ گولڈ صفراعشاریہ 2 فیصد کمی کے ساتھ 4118اعشاریہ 68 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر 3 فیصد کمی دیکھی گئی، جو مئی کے وسط کے بعد سب سے بڑی کمی ہے۔
دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز صفر اعشاریہ 3 فیصد کمی کے ساتھ 4133اعشاریہ 40 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔



