سونے کی قیمت آسمان پر،ایک ہی دن میں14100روپے کااضافہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ 24 قیراط سونا فی تولہ 14 ہزار 100 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے کا ہوگیا۔

ملک میں سونے کی قیمت میں یہ اضافہ ایک ہی دن میں ریکارڈ سطح پر دیکھا گیا جس نے شہریوں اور سرمایہ کاروں دونوں کو حیران کر دیاہے۔

آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق10 گرام 24 قیراط سونا 12 ہزار 89 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ 10 گرام 22 قیراط سونا 11 ہزار 82 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 59 ہزار 87 روپے کا ہوگیا ہے۔

چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں 24 قیراط چاندی فی تولہ 167 روپے بڑھ کر 5 ہزار 504 روپے اور 10 گرام چاندی 4 ہزار 718 روپے میں دستیاب رہی۔

عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان جاری ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 141 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 358 ڈالر پر جا پہنچا ہے جو عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اقتصادی غیر یقینی حالات کی علامت ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے اور شرحِ سود سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے ایک بار پھر محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کا انتخاب کیا ہے۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں سونا جلد ہی 5 لاکھ روپے فی تولہ کی نفسیاتی حد بھی عبور کر سکتا ہے جس کے اثرات زیورات کی صنعت اور عام صارفین دونوں پر مرتب ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button