سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ، عالمی و مقامی مارکیٹ میں نئے ریکارڈ قائم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث قیمتی دھاتوں کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
ایران میں قیادت کی تبدیلی کے لیے امریکا کی جانب سے ممکنہ جنگی صورتحال، امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید کمی کی توقعات اور مجموعی جیو پولیٹیکل بے یقینی کے باعث عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کا رجحان سونے اور چاندی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 75 ڈالر کے اضافے سے 4 ہزار 670 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔
عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی سطح پر بھی نمایاں رہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت 7 ہزار 500 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 89 ہزار 362 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح فی دس گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 431 روپے اضافے سے 4 لاکھ 19 ہزار 549 روپے ہو گئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھی گئی، فی تولہ چاندی 300 روپے اضافے سے 9 ہزار 782 روپے جبکہ فی دس گرام چاندی 257 روپے اضافے سے 8 ہزار 386 روپے کی نئی بلند سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔



