حکومت سے کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ حکومت یا کسی دیگر فریق کے ساتھ کوئی بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج وہ سپریم کورٹ آئے جہاں چیف جسٹس نے مہربانی کی اور تمام کیسز مقرر کر دیے، جبکہ تین کیسز کل پر منتقل کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کی کال پر پنجاب میں سخت اقدامات کیے گئے، لیکن اس کے باوجود پاکستان کے عوام کا مشکور ہیں، کیونکہ پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا میں لوگوں نے احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال میں بھرپور حصہ لیا۔ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ یہ احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری نہ کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کے جیل منتقلی کے حوالے سے مختلف افواہیں غلط ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا جیل میں قیام ہر دن غیر قانونی ہے اور انہیں صرف سیاسی مقدمات کی بنیاد پر رکھا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی کو مکمل اتھارٹی دی ہوئی ہے کہ وہ مذاکرات کریں یا آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عوام کے مینڈیٹ پر زور زبردستی کے ذریعے قبضہ کیا گیا ہے۔ 8 فروری کو پی ٹی آئی کی 180 سیٹیں چھینی گئیں اور انہیں 91 پر لے آیا گیا، پھر بعد میں 91 سیٹیں مزید کم کر کے 75 پر لے جائیں، جبکہ عمر ایوب کی سیٹ اور پی ٹی آئی کے سینیٹرز پر بھی دباؤ ڈالا گیا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ دو سالوں کی کارروائیاں عوام کے دلوں میں پی ٹی آئی کی عزت بڑھانے میں ناکام رہی ہیں۔



