پنجاب ضمنی انتخابات میں تاریخی کم ٹرن آؤٹ،عوام نے الیکشن سے عدم اعتماد کا پیغام دیا،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے ضمنی انتخابات میں ٹرن آؤٹ پنجاب کی تاریخ کا کم ترین ٹرن آؤٹ رہا، آج عوام نے الیکشن پرعدم اعتماد ظاہر کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا صاف شفاف انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے پاس جو نمبرز ہیں اس حساب سے ہم پنجاب میں لیڈ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم دھاندلی پر نہیں، عوامی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ انتخابات ایک ویک اپ کال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہری پور میں لیول پلیئنگ فیلڈ موجود تھا، وہاں تمام پارٹیوں نے جلسے کیے، جلوس نکالے لیکن پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا کیونکہ وہاں ہمیں جلسے، جلوس اور کیمپین کی اجازت نہیں دی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ این اے 18 ہری پور کے جو نتائج دکھائے جارہے ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہری پور میں پی ٹی آئی کی امیدوار بھاری مارجن سے لیڈ کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ این اے 18 میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلزپارٹی کی ارم فاطمہ میں مقابلہ متوقع ہے۔ این اے 18 پر 6 آزاد امیدوار بھی ضمنی انتخاب کے میدان میں ہیں۔



