کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور بحریہ و فضائیہ کے سربراہان سے ملاقاتیں

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جی ایچ کیو میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کےدوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرنے کے ساتھ علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان فوجی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بعدازاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کر رہے ہیں۔فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاکستان نیوی کے خطے میں بحری سلامتی کے فروغ کے لیے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستان نیوی کو علاقائی بحری سلامتی کا اہم ستون قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جدید کاری کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کے ہمراہ۔فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے انفرااسٹرکچر کی ترقی، مقامی سطح پر پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈرونز، اے آئی، جدید سینسرز اور ڈیجیٹل جدت کے ساتھ فضائی دفاعی چیلنجز اور مربوط دفاعی نظاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحرینی کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور علاقائی امن و استحکام میں کردار کو سراہا۔



