گھوٹکی میں مویشیوں کی ویکسینیشن مہم شروع، 66 یونین کونسلوں میں ٹیکے لگانے کا عمل جاری

گھوٹکی (وجے کمار چاولہ،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی ہدایات پر محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے ضلع بھر میں مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے، 66 یونین کونسلوں میں ٹیمیں مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر مدن لعل نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی خصوصی ہدایات پر بارشوں سے قبل ضلع گھوٹکی میں مویشیوں کو گل گھوٹو، منہ کھر اور آنتوں کی بیماریوں سمیت مختلف امراض سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت لائیو اسٹاک کی ٹیمیں ضلع کی 66 یونین کونسلوں میں مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دیہات میں آنے والی لائیو اسٹاک ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور جن علاقوں میں ٹیم نہ پہنچ سکے وہ لائیو اسٹاک محکمہ کے قریبی مرکز سے رابطہ کریں تاکہ ان کے علاقوں میں ٹیم بھیجی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے تمام ضروری ادویات فراہم کر دی گئی ہیں، کسی بھی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے اور ہر قسم کے مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 2 دنوں کے دوران 6 یونین کونسلوں بھیٹور، لونی، قادرپور، سائیںڈنو ملک، چھجن اور محمد پور میں 6 ہزار سے زائد چھوٹے اور بڑے جانوروں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔



