گھوٹکی،امتحانی مراکز کی نگرانی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر کے دورے

گھوٹکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ/جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی ہدایت پر ضلع بھر کے مختلف امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز نے دورے کیے اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا، طلبہ سے کئی موبائل فون برآمد۔ خبر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی نوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی عابد قمر، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو رانا حسیب، اسسٹنٹ کمشنر خانگڑہ ماجد حمید اور اسسٹنٹ کمشنر اوباوڑو سعیب الٰہی سمیت اسسٹنٹ مختیارکاروں سہیل ملہن اور شکیل حیدر نے مختلف مراکز کا معائنہ کیا۔ دوروں کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز نے امتحانی ہالز کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ نقل جیسے غیر قانونی ذرائع کا سہارا لینے کے بجائے محنت اور دیانتداری سے امتحانات میں حصہ لیں۔ انہوں نے انویجیلیٹرز کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ طلبہ کو موبائل فون، گائیڈز یا دیگر غیر متعلقہ مواد لانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے تاکہ وہ کسی بھی قانونی دشواری سے محفوظ رہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کا کہنا تھا کہ کاپی کلچر تعلیمی نظام کے لیے ایک ناسور کی حیثیت رکھتا ہے، جس کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند اور شفاف تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔



