گھوٹکی کے کچے کے علاقوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے مرحلہ وار اسکول قائم کرنے کا فیصلہ

گھوٹکی (وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی جانب سے کچے میں مرحلہ وار اسکول قائم کرنے کا فیصلہ، لوکل گورنمنٹ کی ٹیم کچے کے رہائشیوں کو پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کرے گی، ڈپٹی کمشنر کی ہدایات جاری۔ خبر کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ضلع گھوٹکی کے کچے کے علاقوں میں تعلیم کو فروغ دینے اور کچے کے رہائشیوں کے شناختی کارڈ بنوانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تنویر احمد، اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی اور اوباوڑو سمیت تعلیم، لائیو اسٹاک، صحت، پی پی ایچ آئی، نادرا، اسپورٹس اور میونسپل کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقوں میں مستقل امن و امان کے قیام کے لیے تعلیم کا فروغ نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ابتدائی طور پر گاؤں دوست محمد شر میں ایک اسکول قائم کیا گیا ہے جبکہ اللہ بخش گھنڃو میں بھی اسکول قائم کیا جائے گا تاکہ کچے کے بچوں کو تعلیم کی سہولت میسر آ سکے۔ اسی طرح صنعتی اداروں اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے مرحلہ وار مزید اسکول قائم کیے جائیں گے۔



