آپریشن غضب للحق میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد796ہوگئی،44چوکیوں پر قبضہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)آپریشن غضب للحق جاری، ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 796 ہوگئی، 44 چوکیوں پر قبضہ کرلیا گیا۔سیکیورٹی فورسز کی افغانستان میں آپریشن غضب للحق کے تحت دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کارروائیاں جاری ہیں، اور اب تک 796 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں۔وزیراطلاعات عطاتارڑ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اب تک 796 دہشتگرد ہلاک اور 1043 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔بیان میں میں کہا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کی 286 چوکیاں تباہ کرلی گئی ہیں، جبکہ 44 چوکیوں پر پاکستان کا قبضہ ہے۔ آپریشن غضب للحق کے دوران 249 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں، توپیں اور ڈرونز تباہ کیے گئے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان بھر میں 81 دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ٹھکانوں کو مؤثر طور پر فضائی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا۔وزیراطلاعات عطاتارڑ کے مطابق 2 اور 3 اپریل کی رات غلام خان سیکٹر میں سرحدی چوکی پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنایا گیا، جس میں انہیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، اس دوران کم از کم 37 دہشتگرد ہلاک اور 80 سے زیادہ زخمی ہوئے۔



