وزیرآباد: گیپکو ملازمین کا نجکاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے)گیپکو کی مجوزہ نجکاری کے خلاف گیپکو ڈویژن وزیرآباد کے ملازمین نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی اور نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ وزیرآباد گیپکو ملازمین نے گیپکو کی نجکاری کے خلاف مظاہرہ کیا مظاہرین نے نجکاری نامنظور، مزدور دشمن پالیسیاں ختم کرو جیسے نعرے لگائے۔ملازمین نے گیپکو جیسے منافع بخش قومی ادارے کی نجکاری کو وطن دشمنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ قومی اداروں کو نجی ہاتھوں میں دے رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کے مزدور طبقے کی ملازمتوں، سروس اسٹرکچر اور پنشن کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گااس موقع پر لیبر یونین کے رہنماؤں خرم شہزاد، ثناء الحق، پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین گکھڑ سب ڈویژن کے چیئرمین ناظم چیمہ، جنرل سیکرٹری اسد چیمہ، وائس چیئرمین محمد سعید منج، جوائنٹ سیکرٹری حبیب الرحمان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو ایک منافع بخش ادارہ ہے اور اس کی نجکاری کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر نجکاری کا فیصلہ واپس لے اور ملازمین کو تحفظ فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ ملازمین اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ احتجاج پرامن رہا، تاہم ملازمین نے واضح کیا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا،ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



