سینیٹ کی جنرل نشست پر الیکشن، ن لیگ، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ۔ مراد سعید کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق کیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن23اپریل کو ہوگا۔ جمعیت علمائے اسلام،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔ذرائع کے مطابق، تینوں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پی ٹی آئی کے خلاف ایک ہی متفقہ امیدوار لانے پر بات چیت جاری ہے ۔ اس حوالے سے پارلیمانی لیڈروں کے درمیان مشاورت کا عمل تیز کر دیا گیا۔ جے یو آئی مولانا عبدالحسیب کو اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار بنانے کی خواہشمند ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے جے یو آئی امیدوار کی حمایت کا فیصلہ خارج از امکان نہیں ہے۔



