علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرکا جی سی یو حیدرآباد کا دورہ، تعلیمی تعاون اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال

میرپورخاص (شاھدمیمن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) حیدرآباد کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایک ممتاز وفد بھی موجود تھا جس میں ڈاکٹر توقیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرل (ریجنل سروسز)، سید عطا حسین موسوی، ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی حیدرآباد کیمپس، اور مسٹر راجیش کمار، ریجنل ڈائریکٹر کراچی کیمپس شامل تھے۔ جی سی یو حیدرآباد پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور روایتی سندھی تحائف اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کرکے سندھ کی ثقافت اور مہمان نوازی کی بہترین روایت کو اجاگر کیا۔ دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جہاں اس وقت طلبہ کلچر ڈے منا رہے تھے، جس سے کیمپس رنگا رنگ اور ثقافتی ماحول سے بھرپور نظر آ رہا تھا۔ بعد ازاں مہمانوں نے یونیورسٹی کی قدیمی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور اس کے علمی اور تاریخی ورثے کو نہایت سراہا۔ اس موقع پر دونوں جامعات کے وائس چانسلرز کے درمیان ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جی سی یو حیدرآباد کی سینئر قیادت نے شرکت کی، جن میں پروفیسر ڈاکٹر مخدوم محمد روحان صدیقی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز, پروفیسر ڈاکٹر عبد المنان شیخ، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز, پروفیسر ڈاکٹر امتیاز علی بروہی، ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمپیوٹنگ شامل تھے۔ اجلاس میں تعلیمی تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں جامعات کے درمیان مستقبل میں مضبوط شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔ اس پورے دورے کے دوران وفد کے ساتھ مسٹر نجم الدین سھتو (ڈائریکٹر ایچ آر)، مسٹر شیر زمان (سیکرٹری ٹو وائس چانسلر) اور مسٹر مختیار علی (پبلک ریلیشنز آفیسر)، جی سی یو حیدرآباد موجود رہے۔ دورے کے اختتام پر وائس چانسلر جی سی یو حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں نے خود معزز وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو رخصت کیا اور آئندہ بھی دونوں اداروں کے مابین علمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔



