وزیراعظم شہباز شریف غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے، ذرائع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف غزہ پیس بورڈ کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق غزہ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس 19 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جس میں پیس بورڈ میں شامل تمام رکن ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 13 سے 15 فروری تک جرمنی کے دورے پر ہوں گے، جہاں وہ میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ دورۂ جرمنی مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم وہیں سے واشنگٹن روانہ ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ پیس بورڈ میں شامل تمام مسلم ممالک اجلاس کے دوران مشترکہ موقف اپنائیں گے۔ اجلاس میں غزہ کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام، انسانی بحران اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس خطے میں قیامِ امن اور سفارتی کوششوں کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔



