غزہ: بے گھر افراد کے خیموں پراسرائیلی فضائی حملے،بچوں سمیت21فلسطینی شہید

غزہ(جانوڈاٹ پی کے)غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، آج ہونے والے حملوں میں بچوں سمیت 21 فلسطینی شہید ہوگئے۔
امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے آغاز کو ایک ماہ گزرنے کے باوجود غزہ میں حملے جاری ہیں، جہاں حماس کی جانب سے اسرائیل پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا ہے کہ بدھ کو اسرائیلی فضائی حملوں میں 21 افراد شہید اور کم از کم 31 زخمی ہوئے۔
خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے گھروں اور خیموں پر حملوں کے بعد 3 لاشیں اسپتال لائی گئیں۔
الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ نے بیان میں کہا کہ اسپتال میں درجنوں زخمی بھی لائے گئے۔ ادویات اور طبی سامان کی شدید قلت کے باعث غزہ کے اسپتالوں میں صورتحال نہایت سنگین ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی فوج پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی کی، جس میں ایک افسر شدید زخمی ہوا۔



