غزہ امن معاہدہ خطرے میں؟ اسرائیلی وزیر دفاع کا غزہ نہ چھوڑنے کا دوٹوک اعلان

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے اندر تک موجود اور اسرائیل کبھی غزہ نہیں چھوڑے گا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیلی فوج اس وقت غزہ کے اندر موجود ہے اور وہاں دفاعی مقاصد کے لیے تعینات ہے تاکہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ دوبارہ نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے دفاع کے لیے اپنی قوت پر ہی اعتماد رکھتا ہے اور کسی دوسرے پر بھروسہ نہیں کر سکتا۔
اسرائیل کاٹز نے مزید کہا کہ مناسب وقت پر شمالی غزہ میں بھی شہری اور فوجی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزرا ہیں اور ہمیں ان اقدامات کو سرکاری طور پر نافذ کرنا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ امن معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کو غزہ سے مکمل انخلا کرنا ہے۔



