یادوں سے لگژری تک: شاہ رخ کی اہلی گوری خان نے 1933 کا آبائی گھر شاہانہ ریزورٹ میں بدل دیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ اور عالمی شہرت یافتہ انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے اپنے تقریباً ایک صدی پرانے آبائی گھر کو جدید طرز کے لگژری ریزورٹ میں تبدیل کر دیا ہے، جو ڈیزائن، ورثے اور یادوں کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔
اگرچہ گوری خان ایک سپر اسٹار کی شریکِ حیات ہیں، مگر انہوں نے بطور انٹیریئر ڈیزائنر اپنی الگ اور مضبوط شناخت قائم کی ہے۔ متعدد نامور شخصیات کے گھروں کے علاوہ انہوں نے اپنے ذاتی گھر منت کی تزئین و آرائش میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
حالیہ منصوبے میں گوری خان نے 1933 میں تعمیر ہونے والی اپنی خاندانی جائیداد کی مکمل ازسرِ نو تزئین کی۔ اس تاریخی عمارت کو جدید سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے چھ کمروں پر مشتمل ایک شاندار ولا کی شکل دی گئی ہے، جو بھارت کے خوبصورت پہاڑی مقام ڈلہاؤسی میں واقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ آبائی گھر اب ایک مکمل لگژری ریزورٹ کی صورت اختیار کر چکا ہے، جہاں عام افراد بھی قیام کر سکتے ہیں اور دلکش قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ یہ وہی مقام ہے جہاں گوری خان نے اپنے بچپن میں خاندان اور کزنز کے ساتھ یادگار تعطیلات گزاری تھیں۔
اس جذباتی منصوبے میں گوری خان کی کزن رستم تیواڑی نے بھی ان کا ساتھ دیا، جبکہ یہ جائیداد ان کے ماموں تیجندر تیواڑی کی ملکیت ہے۔ ریزورٹ میں ایک رات قیام کی قیمت تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔



