وزیرستان بلاک میں اسپن وام-1 سے گیس پیداوار شروع، توانائی شعبے کیلئے خوشخبری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ملک میں تیل و گیس کے شعبے سے مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیرستان بلاک میں اسپن وام-1 کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے منصوبے کا افتتاح کیا، جبکہ ماڑی انرجیز کے مطابق اس دریافت سے پاکستان کی توانائی سکیورٹی مزید مضبوط ہوگی۔
ابتدائی طور پر اسپن وام-1 سے 40 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس حاصل ہوگی، جبکہ وزیرستان بلاک سے مجموعی گیس فراہمی تقریباً 100 ایم ایم ایس سی ایف ڈی تک پہنچ گئی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
ماڑی انرجیز کے مطابق شیوا-1 اور اسپن وام-1 کو قومی گیس گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ مقامی ہائیڈروکاربن وسائل کی ترقی سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا۔
یہ منصوبہ ماڑی انرجیز، او جی ڈی سی ایل اور اورینٹ پیٹرولیم پر مشتمل جوائنٹ وینچر ہے، اور کمپنی کے مطابق وزیرستان میں مزید تلاش و پیداوار کے منصوبوں کی توقع ہے۔
مقامی سطح پر گیس کی پیداوار میں اضافہ پاکستان کے توانائی بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔



