کابینہ کمیٹی نے اوگرا کے مجوزہ قوانین مسترد کر دیے، گیس سلنڈر حادثات روکنے کے لیے نیا جامع مسودہ تیار کرنے کا حکم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ملک میں گیس سلنڈر دھماکوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر، کابینہ کمیٹی نے اوگرا کے مجوزہ قوانین مسترد کرتے ہوئے اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیا اور جامع مسودہ پیش کرے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا نے غیر قانونی سلنڈر بنانے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) میں سخت ترامیم تجویز کی تھیں، تاہم کابینہ کمیٹی نے کہا کہ پی پی سی ایک قدیم قانون ہے اور یہ تمام دھماکہ خیز مواد پر لاگو ہوتا ہے، لہذا اوگرا کو اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے مخصوص اور مؤثر قواعد و ضوابط تیار کرنے چاہئیں۔

کمیٹی نے اوگرا کو ہدایت کی کہ گیس سلنڈرز کی تیاری، فروخت اور فلنگ سے متعلق جدید تقاضوں کے مطابق نیا مسودہ تیار کیا جائے۔

اوگرا حکام کے مطابق ملک میں ایل پی جی سلنڈرز کی طلب میں ڈیڑھ سو فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، یومیہ ایل پی جی کا استعمال جو پہلے دو سے ڈھائی ہزار ٹن تھا، اب بڑھ کر تقریباً 6 ہزار ٹن تک پہنچ گیا ہے۔

اوگرا نے بتایا کہ حادثات میں اضافے کی بڑی وجہ مارکیٹ میں غیر معیاری سلنڈرز کی دستیابی اور غیر قانونی فلنگ ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہو رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button