"فیول کے نرخ کم کرو” تھرپارکر میں شدید احتجاج، شٹر بند ہڑتال، مظاہرے اور دھرنے

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر کی طرح ضلع تھرپارکر میں بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ مختلف شہروں میں شٹر بند ہڑتال، مظاہرے اور دھرنے دیے گئے جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں بھی بلاک کر دی گئیں۔

ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی میں جی ڈی اے رہنماؤں، ارباب گروپ، جماعت اسلامی، سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی ارباب احسان، گھنشام مالہی، ایڈووکیٹ شاہد رند، شاہنواز ہنگورجو اور ایڈووکیٹ ظہیر الدین نوہڑیو کی سرپرستی میں نکالی گئی، جس نے شہر کا گشت کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وفاقی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی جب شہر کے مرکزی مقام کشمیر چوک پہنچی تو رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیول کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے، جس سے خوراک سمیت روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء مہنگی ہو رہی ہیں۔

مٹھی کے قریب پھانگھاریو چیک پوسٹ پر بھی بھیل برادری کے مزدوروں اور رکشہ ڈرائیوروں نے سڑک بلاک کر کے احتجاج کیا اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے لگائے۔

دوسری جانب تعلقہ چھاچھرو کے ہیڈکوارٹر میں شٹر بند ہڑتال کی گئی اور بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔ جی ڈی اے رہنما دلاور مالکانی کی قیادت میں شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔

ادھر ڈیپلو شہر میں جمعیت علمائے اسلام کے تحت مولانا عباس کلر اور سماجی رہنما اللہ ڈنو کلر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہری اتحاد، بار کے صدر، تاجر تنظیموں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا۔

اسی طرح کلوئی تعلقہ کے رحمان آباد میں جسقم محاذ کے رہنما وسیم دل اور سماجی رہنما رمضان لنڈ کی قیادت میں بھی احتجاج کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ننگرپارکر، چیلہار، ونگو اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف تنظیموں اور عوام کی شرکت سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button