ماتلی: اسسٹنٹ کمشنر کا پیٹرول پمپس کا ہنگامی دورہ، اسٹاک اور سرکاری نرخوں کا جائزہ لیا

بدین انتظامیہ اور پولیس نے غیر قانونی افغان شہریوں کو تحویل میں لے کر ملک بدر کا عمل شروع کردیا

ماتلی(رپورٹ ذیشان احمد گدی/جانو ڈاٹ پی کے) پیٹرول و ڈیزل کی ممکنہ قلت کی اطلاعات اور غیر قانونی افغان شہریوں کی موجودگی کے پس منظر میں اسسٹنٹ کمشنر ماتلی ثوبان احمد رانجھا متحرک ہو گئے، جنہوں نے تحصیل ماتلی کے مختلف پٹرول پمپس اور فیولنگ اسٹیشنز کا ہنگامی دورہ کیا، اسٹاک اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور پمپ مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اسی دوران ڈپٹی کمشنر بدین یاسر احمد بھٹی کی ہدایت پر انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو تحویل میں لیا، بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں ایس ایچ او تھانہ ماتلی کی نگرانی میں ہولڈنگ پوائنٹ کراچی منتقل کیا گیا، جہاں مزید قانونی مراحل کے بعد انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ساتھ ہی بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی جانچ پڑتال بھی کی گئی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button