فیصل آباد ایئرپورٹ پر بڑا ایکشن، 92 پاکستانی سکھ مسافر سفر سے روک دیے گئے

فیصل آباد (جانو ڈاٹ پی کے) فیصل آباد ایئرپورٹ پر 92 پاکستانی سکھ مسافروں کو سفری دستاویزات اور مطلوبہ حکومتی این او سیز مکمل نہ ہونے پر بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق سکھ مسافر فیصل آباد سے شارجہ کے راستے بھارت روانہ ہونا چاہتے تھے، تاہم ان کے پاس مطلوبہ سفری دستاویزات مکمل نہیں تھیں اور حکومت پاکستان کی جانب سے ضروری این او سیز بھی موجود نہیں تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں کے پاس واپسی کے ٹکٹس بھی موجود نہیں تھے، جبکہ بیرون ملک سفر کیلئے وزارت مذہبی امور، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے مطلوبہ این او سیز درکار تھے۔
حکام کے مطابق سفر سے روکے گئے سکھ مسافروں کا تعلق ننکانہ صاحب سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مطلوبہ سفری دستاویزات اور قانونی تقاضے مکمل نہ ہونے کے باعث مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔



