پنجاب حکومت کا 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے صوبے کے 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرائے پر آئل پرائس کے اثرات کی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں مزید عوامی ریلیف کیلئے نئے احکامات جاری کئے گئے۔
اجلاس میں 17 اضلاع میں فری ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ کیا گیا، گوجرانوالہ، ملتان اور سیالکوٹ میں فری ٹرانسپورٹ پائلٹ کی منظوری دی گئی، فی کلو میٹر ٹرانسپورٹ کرایوں کا تعین کرنے کے لئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔
اس کے علاوہ پنجاب میں پرائس کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا، لاہور سمیت ہر ضلع میں پیاز، ٹماٹر، آلو، کیلا اور دالوں سمیت 23 اشیاء خورونوش کے موجود ہ نرخ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پنجاب میں آٹا کا نرخ سندھ سے 427 روپے، خیبرپختونخوا سے 823 اور بلوچستان سے 790 روپے کم ہے، پنجاب میں بیشتر دالوں، پھلوں اور سبزیوں کے نرخ دیگر صوبوں سے نسبتاً کم ہیں، صوبے میں دال اور چنے کا وافر سٹاک موجود ہے۔
اجلاس کے دوران اشیاء خورونوش کے ڈی سی ریٹ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، پیرا کو صوبہ بھر میں ایل پی جی کے نرخ ریگولیٹ کرنے کا حکم دیا گیا، ضروری اشیاء خورونوش کی ذخیرہ اندوزی کے سدباب کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔
دوران اجلاس نوٹیفائیڈ نرخ سے مہنگی اشیاء بیچنے والوں سے خریداری نہ کرنے کی اپیل کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اوپن ڈرینج میں اموات کے واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو گلی گلی میں جوہڑ اور تالاب کا سروے کرنے کا حکم دیا اور کمشنرز کو روزانہ تصاویر اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، ہر یونین کونسل میں جوہڑوں کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کا حکم بھی دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ جوہڑ کی موجودگی ڈی سی کی ناکامی سمجھی جائے گی۔
اس کے علاوہ شجر کاری، کتے کے کاٹنے، زیبرا کراسنگ، سٹریٹ لائٹس، گرین بیلٹ اور دیگر کے پی آئیز پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی گئی، ہر ڈسٹرکٹ میں بیوٹیفکیشن کے جاری پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جون تک تمام اپ گریڈیشن اور بیوٹی فکیشن پراجیکٹ کی تکمیل کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیوٹی فکیشن پراجیکٹ کا تصویری معائنہ کیا اور بیوٹی فکیشن اور اپ گریڈیشن کے بعد خوبصورتی بحال رکھنے کے لئے ٹھوس اقدامات کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں اچھرہ لاہور، رحیم یار خان، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے بیوٹی فکیشن اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ بھی لیا گیا، گھنٹہ گھر فیصل آباد میں روڈ سائیڈ ڈرینج سسٹم اور بجلی کے تار ہٹانے پر اظہار مسرت کیا اور اٹک میں بیوٹی فکیشن پراجیکٹ میں کوالٹی ورک پر اظہار مسرت کرتے ہوئے ڈی سی کو شاباش دی۔
اس کے علاوہ جھنگ میں صفائی کی صورتحال پر اظہارِ ناپسندیدگی کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں منتخب یونین کونسل کی مکمل صفائی کا حکم دیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں کوڑا کرکٹ کی نشاندھی کی شکایت پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال میں بہتری کے لئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
انہوں نے ستھرا پنجاب کو قبرستانوں میں صفائی مہم دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا، صفائی کے نظام میں بہتری کے لئے اے آئی کی معاونت سے ہر یونین کونسل کی گلیوں میں کارکنوں کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیجیٹل میپنگ شروع کی گئی۔



